July 19, 2021

Eid Ki Khushiyan Apno K Sang Manayen | Urdu Afsana

 Urdu Afsana | Urdu Tehreer

Urdu Kahaniyan | Urdu Stories

Eid Mubarak 

Eid Ki Khushiyan Apno K Sang Manayen

 اردو افسانہ

عید کی خوشیاں اپنے گھر والوں کے ساتھ مناٸیں


”ممامما۔۔۔۔۔۔۔۔۔“وہ رفیعہ بیگم کو پکارتی ہوٸی کچن کی طرف جا رہی تھی ۔

”کیا ہوا بیٹی کوٸی کام تھا کیا ؟“رفیعہ بیگم نے اسے کچن میں آتے ہوٸے پوچھا۔

”مما بابا نہیں آٸے ابھی تک، اب تو عید کا چاند بھی نظر آ گیا ہے “اقرا نے کہا ۔

”تم جانتی تو ہو بیٹا عید کا چاند نظر آنے کے بعد دکان پر رش بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے آج تمہارے بابا لیٹ آٸیں گے “ رفیعہ بیگم نے بتایا۔


”آہ ماما !!! یار مجھے تو لگا کہ عید ایک دن بعد ہو گی۔ میں نے تو اسی چکر میں اپنی شاپنگ بھی نہیں کی تھی۔ میں نے ابھی تک چوڑیاں، مہندی، جوتے کچھ بھی نہیں خریدا۔ “اقرا نے منہ بناتے ہوٸے کہا۔ 

”اے لڑکی کتنے خرچے ہیں تمہارے۔؟ تم جتنی بھی شاپنگ کر لو، تمہارے لیے کم ہی ہے “ رفیعہ بیگم نے اپنا سر پکڑتے ہوٸے کہا تو اقرا ناراض ہوتے ہوٸے کچن سے باہر چلی گٸی۔


رات کے ایک بجے اس کا بابا گھر آیا تو اقرا ناراض ناراض سی اپنے کمرے میں تھی۔


”کیا ہوا بھٸی ہماری گڑیا کدھر ہے اور گھر میں اتنی خاموشی کیوں ہے؟“ اشرف صاحب نے گھر میں داخل ہوتے وقت پوچھا۔

ان کے ہاتھ میں کافی زیادہ شاپنگ بیگ تھے۔ جن میں آدھے سے زیادہ تو عید کے لیے گھر کی اشیاء وغیرہ کے تھے ۔

”اپنے کمرے میں ہے موڈ نہیں ٹھیک کہ عید کی شاپنگ مکمل نہیں ہوٸی اور کل عید ہے“ رفیعہ بیگم نے تفصیل بتاتے ہوٸے کہا تو اشرف صاحب اقرا کے کمرے کی جانب بڑھے ۔


”کیا ہوا بھٸی ہمارا بچہ کیوں ناراض ہے؟“ اشرف صاحب نے کمرے میں آتے ہوٸے پوچھا۔

”بابا میرے عید کے لیے جوتے، جُھمکے کچھ بھی تو نہیں آیا ابھی تک اور کل عید ہے “اقرا نے جواب دیا ۔

”اتنی سی بات ہے۔ ہم ابھی اپنی بیٹی کو ساری شاپنگ کروا لاتے ہیں“ اشرف صاحب نے منٹوں میں مسٸلہ حل کیا اور رفیعہ بیگم کے لاکھ منع کرنے کے باوجود اشرف صاحب اسے شاپنگ پر لے گٸے تھے۔

بس پھر کیا تھا جو اسے پسند آتا گیا وہ لیتی گٸی ۔


”بھاٸی وہ ریڈ والا ڈوپٹہ دکھاٸیے گا“ اقرا نے دکاندار کو مخاطب کیا تو وہ اس ڈوپٹہ دیکھانے لگا ۔

”بابا یہ ڈوپٹہ اچھا لگے گا ناں میرے سوٹ کے ساتھ؟ “اقرا نے اشرف صاحب سے پوچھا۔

”لیکن بیٹا سوٹ تو آپ نے بلیک کلر کا لیا ہے۔ اس کے ساتھ یہ ریڈ ڈوپٹہ کچھ سمجھ میں نہیں آیا مجھے“ اشرف صاحب ٹھہرے سادہ مزاج آدمی انہوں نے سادگی سے پوچھا۔


” بابا بلیک سوٹ کے ساتھ ریڈ کلر کا دوپٹہ بہت اچھا لگے گا“ ”بھاٸی جی یہ پیک کر دیں پلیز“ اقرا نے دوکان دار کو ڈوپٹہ پکڑاتے ہوٸے کہا۔

تقریبا دو گھنٹے بعد وہ باپ بیٹی ساری شاپنگ مکمل کرکے گھر داخل ہوٸے۔


”افف بابا میری چوڑیاں تو رہ ہی گٸیں“ وہ گھر آ کر ارشد اور رفیعہ کو اپنی شاپنگ دیکھا رہی تھی۔ تب اسے یاد آیا کہ اس نے چوڑیاں تو لیں ہی نہیں ۔

”کوٸی بات نہیں پہلے کیا کم چوڑیاں ہیں تمہارے پاس۔؟ ان میں سے کوٸی پہن لینا“ رفیعہ بیگم نے کہا ۔

”لیکن لال رنگ کی چوڑیاں تو نہیں ہے ناں۔ مجھے تو وہی چاہیٸیں ورنہ میں عید نہیں مناٸیوں گی“ وہ رونے ہی والی تھی اور سارا کچھ وہی چھوڑ کر اپنے کمرے میں چلی گٸی ۔


”دیکھا آپ نے اشرف صاحب اس ضدی لڑکی کو۔ جس بات کے پیچھے پڑ جاٸے، وہ کر کے ہی دم لیتی ہے “رفیعہ بیگم نے ناراضگی سے کہا ۔

”آپ کیوں پریشان ہو رہی ہیں مما ۔ میں ابھی لے آتا ہوں اس کے لیے لال رنگ کی چوڑیاں“اس کے بھاٸی ارشد نے کھڑے ہوتے ہوٸے موٹرساٸیکل کی چابی پکڑی۔


”تم باپ بیٹے نے اسے سر پر چڑھا رکھا ہے۔ اس کی ہر بات آپ دونوں کے واسطے پتھر پر لکیر کی طرح ہوتی ہے“ رفیعہ بیگم غصے سے کہتی ہوٸی چلی گٸی۔

ارشد بازار آیا جو کہ تقریباً بند ہو چکا تھا۔ وہ ساری مارکیٹ گھوم رہا تھا تب اس کی نظر ایک چوڑیوں والی دکان پر پڑی، جو بند ہونے جا رہی تھی۔ وہ بھاگتا ہو اس دکان پر آیا اور دکان دار کی منت سماجت کر کے دکان کھلواٸی اور اپنی بیٹی اقرا کے لیے لال رنگ کی چوڑیاں لیں۔ گھر واپس آیا تو پتہ چلا وہ چوڑیاں نہ ملنے پر روتے روتے سو گٸی تھی۔


صبح آنکھ کھلی تو ساٸیڈ ٹیبل پر ریڈ چوڑیاں دیکھ کر وہ خوشی سے کھل اٹھی اور بھاگتی ہوٸی کمرے سے باہر آٸی ۔

”ماما یہ چوڑیاں کون لے کر آیا ہے؟“ اس نے رافیعہ بیگم سے پوچھا۔

”ارشد لایا تھا رات کو“ رفیعہ بیگم نے بتایا تو وہ ارشد کے کمرے کی طرف بڑھ گٸی۔

ارشد ڈریسنگ ٹیبل کے سامنے کھڑا تیار ہو رہا تھا جب وہ کمرے میں آٸی۔

”ارے اٹھ گٸی گڑیا؟“ ارشد نے اسے دیکھتے ہوٸے کہا۔


”جی بھاٸی۔!! یو آر دا بیسٹ برادر ان دس ورلڈ تھنک یو سو مچ فار دس“ اس نے چہکتے ہوٸے کہا۔

”بس تم اداس نہیں ہوا کرو۔ تم سے تو ہمارے گھر کی رونق ہے“ ارشد نے اس کے سر پر پیار سے ہلکی سی چپیٹ لگاتے ہوۓ کہا۔

وہ عید نماز پڑھنے جانے کے لیے تیار کھڑا تھا ۔

”بھاٸی آپ نے یہ والا سوٹ کیوں پہنا ہے؟ وہ سفید والا کیوں نہں پہنا ؟“ اس نے ارشد کو سے پوچھا۔

” اچھا نہیں لگا رہا کیا ؟ “ارشد نے پوچھا۔

” اچھا تو یہ بھی لگ رہا ہے لیکن وہ سفید رنگ آپ پر زیادہ جچتا ہے، آپ وہ پہنو ناں “ اقرا نے کہا۔


”اچھا!! جو میری پیاری گڑیا کہے گی وہی کپڑے پہنوں گا“ اس نے کہا اور کپڑے تبدیل کرنے چلا گیا۔

”بابا آپ بھی تیار ہوں گے نا؟“ وہ تیار ہو کر اشرف صاحب کے کمرے میں آٸی تھی۔

”جی بیٹا بس ہو گیا“ اشرف صاحب نے جیکٹ پہنتے ہوٸے کہا۔ 

”بابا اس کپڑوں کے ساتھ یہ جوتے اچھے نہیں لگ رہے۔ ٹھہریں میں آپ کے دوسرے جوتے لاتی ہوں“ وہ کہہ کر اشرف صاحب کے دوسرے جوتے لینے چلی گٸی۔

”اب آپ پرفیکٹ لگ رہے ہیں“ اشرف صاحب نے جوتے تبدیل کیے تو اس نے تعریف کرتے ہوٸے کہا۔


”ماما دوپہر کے کھانے میں کیا بنے گا؟“ سبھی برامدے میں بیٹھے تھے جب اقرا نے پوچھا تھا۔

”تمہارے بابا نے پلاٶ بنانے کا کہا ہے تو میں ساتھ میں کباب اور راٸتہ بھی بنا لونگی“ رافیعہ بیگم نے جواب دیا ۔


”پلاٶ نہیں۔!! مجھے تو بریانی کھانی ہے“ اس نے بریانی کی فرماٸش کر دی ۔

” بیگم صاحبہ ہماری بیٹی بریانی کی خواہش کر رہی ہے، آپ بریانی ہی پکا لیں “ رفیعہ بیگم نے اشرف صاحب کی بات پر ہاں میں سر ہلا دیا۔

”بابا یو آر دا بیسٹ“ اشرف صاحب کے کہنے کے بعد وہ خوشی سے ان کے پاس بیٹھتے ہوٸے بولی۔

”میرا بچہ یو آر السو بیسٹ پرنسز اِن دس ورلڈ“ اشرف صاحب نے اس کے ماتھے پر بوسہ دیتے ہوۓ محبت بھرے لہجے میں کہا۔

وہ باپ کے کندھے پر سر رکھے سوچنے لگی کہ زندگی اس سے زیادہ حسین اور کیا ہو سکتی ہے؟


عورت ہر روپ میں محبتوں سے نوازی جاتی ہے۔

اس کا باپ اس کی ایک پکار پر سب کچھ چھوڑ کر اس کی طرف بھاگا چلا آتا ہے۔

اس کا بھاٸی اس کی ہر ضد پوری کرتا ہے۔ اس لیے تو رات کو تین بجے بازار جا کر اس کے لیے چوڑیاں لے کر آیا ہے۔

اس کی ماں اس سے دوستوں کی طرح مخلص ہے۔

اس کا بھاٸی اس کے پسند کٸے ہوٸے کپڑے پہنتا ہے۔

اس کا باپ بھی اس کی پسند کے جوتے پہنتا ہے۔

گھر میں کھانا بھی اس کی پسند کا بنتا ہے۔


کیا اس سے زیادہ کوٸی اور محبت، اہمیت کی حامل ہوسکتی ہے؟ کیا اس سے خوبصورت کوٸی اور عید ہو سکتی ہے؟ اس کی عید تو اس کے اپنوں کے سنگ تھی جو بنا کسی غرض کے اسے بے پناہ اور بے لوث چاہتے ہیں۔


وہ سوچ رہی تھی عورت ہونا بھی کتنی بڑی نعمت ہے۔ وہ ایک بیٹی کی حثیت سے ماں اور باپ کے دل پر راج کرتی ہے۔ ایک بہن کی حیثت سے اپنے بھاٸی کے دل پر راج کرتی ہے۔ ان محبتوں کے سامنے دنیا کی باقی ساری محبتیں اسے بے معنی لگتی ہیں۔

جس عورت کے پاس پیار کرنے والا باپ، اس کی خاطر جان کو نثار کرنے والے بھاٸی ہوں تو پھر کیا اسے کسی اور کی محبت کی ضرورت ہو سکتی ہے؟

کیونکہ دنیا میں کوٸی بھی محبت اس کے باپ اور بھاٸی کی محبت جتنی پاک اور افضل نہیں ہو سکتی۔


اس کی آنکھوں میں تشکر کے آنسو تھے۔ اس کے رب نے اسے اتنے خوبصورت اور انمعول رشتوں سے نوازہ تھا، جن کے سنگ عید کی خوشیاں دوگنی ہو جاتی ہیں۔

وہ خوش تھی کیونکہ اس کی عید اس کے اپنوں کے سنگ تھی۔

عید مبارک 

ختم شدہ

No comments:

Post a Comment